بنگلورو، 19/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے جمعرات کو ایک بار پھر مرکزی ایجنسیوں کی غیر جانبداری پر سوال اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس جیسی ایجنسیاں کسی سیاسی دباؤ کے بغیر کام کریں اور کسی مخصوص پارٹی کے حق میں جھکاؤ نہ رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس ریاست کے تین اسمبلی حلقوں میں 13 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سدارامیا نے کہا ”ناگیندر (سابق وزیر) نے میڈیا کو بتایا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ان پر دباؤ ڈالا تھا۔ انہوں نے مجھے یہ بھی بتایا کہ ان پر میرا اور ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار کا نام لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا۔ کوئی ایجنسی کسی پارٹی کے حق میں کام نہ کرے۔ چاہے وہ سی بی آئی ہو ، ای ڈی ہو یا محکمہ انکم ٹیکس۔ سب کو غیر جانبداری سے کام کرنا چاہیے ۔ “ قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر بی ناگیندر نے حال ہی میں الزام لگایا ہے کہ ای ڈی نے کرناٹک مہارشی والمیکی شیڈیولڈ ٹرائب ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں کروڑوں کے گھوٹالے میں چیف منسٹر سدارامیا اور ڈپٹی چیف منسٹر شیو کمار کے نام لینے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا تھا۔ ناگیندر نے ای ڈی پر یہ بھی الزام لگایا کہ کانگریس حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کے تحت اپوزیشن بی جے پی کے دباؤ میں ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
سدارامیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی ان تین حلقوں میں جیت درج کرنے کے لیے تیار ہے جہاں ضمنی انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ امید واروں کے ناموں کا اعلان دو تین روز میں کر دیا جائے گا۔ تینوں حلقوں میں کانگریس جیتے گی اس دوران ڈی کے شیو کمار کے ساتھ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے ملاقات کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے آنے والے ضمنی انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔
الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق سندور ، شیگاؤں اور چین پٹن میں 13 نومبر کو ضمنی انتخابات ہونے ہیں اور 23 نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 اکتوبر اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر ہے۔